اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کے ایک ممتاز دفاعی ماہر نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ نے تہران کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا تو ممکن ہے روس ایران کو ایس 300 اینٹی میزائل سٹٹم کی فروخت کرنے پر تیار ہو جائے- روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے بھی کہا ہے کہ ایران پر عائد اقوام متحدہ کی ہتھیاروں کی پابندیوں کو ختم کئے جانے کا امکان موجودہے- ماسکو میں اسلحہ کی عالمی تجارت کے تجزیاتی مرکز کے سربراہ ایگور کوروتشنکو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے میں ہتھیاروں کی فروخت پر عائد پابندی بھی شامل ہو سکتی ہے- انھوں نے کہا کہ جو مسائل ہمارے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں ان میں ایران کو "ایس 300" میزائل فراہم کرنے کا موضوع شامل ہے- روس نے دو ہزار سات میں ایران کو آٹھ سو ملین ڈالر کی مالیت کے "ایس 300 " میزائل فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے- ماسکو نے دو ہزار دس میں ایران کے ایٹمی پروگرام کے مسئلے پر ایران کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد اس معاہدے پر عمل درآمد روک دیا تھا-
.....
/169